صحافی اطہر متین قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار

کراچی: پولیس نے ٹی وی صحافی اطہر متین احمد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گرفتار ملزم نے ساتھی کے ہمراہ ڈکیتی مزاحمت پر صحافی کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ نارتھ ناظم آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

کراچی پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ویسٹ کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی تھی جس میں ایس ایس پی سینٹرل اور ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل شامل تھے، پولیس نے تمام وسائل بشمول کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کو استعمال میں لایا تھا۔ مرکزی ملزم محمد اشرف کو 26 فروری 2022 کو سندھ بلوچستان سرحد کے قریب منگھوپیر سے گرفتار کیا گیا۔ جبکہ گرفتار ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور پولیس نے اس کے سر پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

کراچی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے کیس میں کام کرنے والی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔ اے آئی جی کراچی نے مشتبہ شخص کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے افسران اور دیگر اہلکاروں کو پریذیڈنٹ پولیس میڈل (پی پی ایم) دینے کی تجویز دی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اشرف ایک عادی مجرم تھا اور وہ پولیس فورس پر فائرنگ سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

اس سے پوچھ گچھ کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ کراچی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ٹیم کی قیادت ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کررہے ہیں اور اس میں ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل طارق نواز اور ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل شہلا قریشی شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also
Close
Back to top button